ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: مرڈیشور سمندر میں غرق ہوکر طالب علم جاں بحق

بھٹکل: مرڈیشور سمندر میں غرق ہوکر طالب علم جاں بحق

Fri, 23 Dec 2022 20:06:23    S.O. News Service

بھٹکل 23 ڈسمبر (ایس او نیوز)  تعلقہ کے سیاحتی مقام مرڈیشور سمندر میں غرق ہوکر ایک طالب علم جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت چتردرگہ کے رہائشی محمد فضیل ابن سید قدیر (16) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

پتہ چلا ہے کہ چتردرگہ میں واقع چنمولادری نیشنل ہائی اسکول میں دسویں کا طالب علم محمد فضیل  اپنے اسکول کی پکنک پر دیگر طلبہ کے ساتھ مرڈیشور پہنچا تھا۔

چتردرگہ سے جملہ 120 طلبہ اپنے چار اساتذہ کے ساتھ سرسی، جوگ فالس، گوکرن وعیرہ علاقوں کی سیر کے بعد آج جمعہ صبح مرڈیشور پہنچے تھے۔

طلبا کا ایک گروپ جب سمندر میں کھیل رہا تھا تو اس دوران  فضیل سمندری لہروں کی زد میں آکر غرق ہوگیا۔ قریب میں موجود ماہی گیر فوراً اس کی مدد کے لئے لپکے مگر قریب پہنچنے تک فضیل سمندر میں غرق ہوچکا تھا۔ قریب ایک گھنٹے کی تلاشی مہم کے بعد اس کی نعش سمندر سے نکالی گئی۔

واردات کے بعد جائے وقوع پر موجود لوگ اس تعلق سے لائف گارڈس کی لاپرواہی کو  لڑکے کی موت کے لئے ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔

مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ لائف گارڈس کے اہلکار وں کو چاہئیے تھا کہ وہ سیاحوں کو سمندر میں اُترنے سے روکنے کی کوشش کریں اور انہیں ضروری ہدایات دیں اور سمندر میں جولوگ کھیل رہے تھے، اُنہیں تحفظ فراہم کریں، مگر وہ لوگ کشتی رانی میں مصروف تھے۔

سمندر میں غرق ہوکر جاں بحق ہونے کی اطلاع ملتے ہی مرڈیشور پولس جائے وقوع پر پہنچی اور ضروری کاروائیوں کے بعد نعش کو بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا۔

لڑکے کی موت کی خبر ملتے ہی لڑکے کے گھر والے چتردرگہ سے مرڈیشور کے لئے روانہ ہوئے اور شام تک بھٹکل پہنچ گئے۔ دیر رات سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم اور دیگر ضروری کاروائیوں کے بعد میت لواحقین کے حوالے کی گئی۔

اس تعلق سے مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور مضافاتی پولس انسپکٹر مہابلیشور نائک کی رہنمائی میں چھان بین جاری ہے۔


Share: